منشیات اور سماجی بدعات کا بڑھتا رجحان تشویشناک اور لمحہ فکریہ:ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر،جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ اتحاد و اتفاق میں ہی اقوام کی کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے اور ہمیں ہر حال میں سچائی کا ساتھ دینا اور حق کیساتھ کھڑا ہونا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نااتفاقی اور ٹولیوں میں تقسیم ہونا زوال اور تنزلی کی نشانی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم آپسی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر جموں وکشمیر کے عوام کے مسائل و مشکلات حل کرنے کے ساتھ ساتھ مفادات کا تحفظ کریں۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے نوشہرہ میں ایک تقریب پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سماجی بدعات خصوصی منشیات اور موبائل فون کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان بدعات ہماری نئی نسل کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے اور اگر وقت رہتے اس ناسور پر قابو نہیں پایا گیا تو آنے والا مستقبل انتہائی ناگفتہ بہہ ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں دن بہ دن پیوست ہورہی بدعات خصوصاً منشیات ، بے راہ روی اور رسومات ِ بد سے نجات پانے کیلئے ہر کسی کو اپنا کردار نبھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تازہ اعداد و شما رکے مطابق اس وقت 13لاکھ سے زیادہ افراد اس وقت منشیات کی لت میں مبتلا ہوگئے ہیں ، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری ریاست کی آبادی کا 8فیصد حصہ منشیات میں غرق ہوگیا ہے۔ان کے مطابق خدا نہ خواستہ اگر ہماری نوجوان پود میں منشیات کے استعمال کا رجحان اسی رفتار سے بڑھتا گیا تو مستقبل میں قوم و ملت کو بہت سارے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ ہمارے لئے کسی المیہ سے کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور دیگر سماجی بدعات کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر کسی کو اپنا کردار نبھانا ہوگا اور والدین کا اس میں سب سے زیادہ رول بنتا ہے۔ اپنے بچوں کو مروجہ تعلیم کیساتھ ساتھ دینی تعلیم سے آراستہ کرنا اور ان کی صحیح نشونما اور تربیت کرنا انتہائی ضروری بن گیا ہے۔ سماج میں پائی جارہی ہر ایک بدعت کا واحد راستہ اپنے بچوں کو دین کی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔

موبائل فون کے غلط استعمال پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موبائل فون ہماری نئی نسل کیلئے ایک اور چیلنج بن کر سامنے آگیا ہے۔ مفید ہونے کے ساتھ ساتھ موبائل فون کے بہت زیادہ منفی اثرات ہیں اور یہ منفی اثرات ہماری نئی نسل کو دھیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اگر ہم مزید غفلت میں سوئے رہے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی اس لئے ضروری ہے کہ ہم وقت رہتے ان بدعات کا قلع قمع کرنے کیلئے عملی اقدامات میں جُٹ جائیں۔ اس سے قبل انہوں نے زیارت حضرت عارف بااللہ حضرت خواجہ حبیب اللہ نوشہری حبیؒ پر حاضری دی اور قوم و ملت کیلئے دعا کی۔

انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقائ، جموںوکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور فارغ البالی کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوامی کیلئے بھی دعا کی۔ اس موقعے پر اُن کی دستاربندی بھی کی گئی۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں