شری امرناتھ یاترا: پہلا جتھہ جمعہ کی صبح کشمیر کے لئے روانہ ہوگا

جموں، سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے لئے پہلے جتھے کو جمعہ کی علی الصبح کشمیر کے لئے روانہ کیا جائے گا۔

بتادیں کہ امسال 52 دنوں پر محیط شری امرناتھ جی یاترا 29 جون سے شرع ہو کر 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ جموں میں بھگوتی نگر یاتری نواس پر یاتریوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے جہاں سے وہ کشمیر کے لئے روانہ ہوں گے۔

متعلقہ حکام کے مطابق بھگوتی نگر بیس کمیپ سے یاتریوں کا پہلا جتھہ سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ جمعہ کی علی الصبح 4 بجے بالتل اور ننون پہلگام کیمپوں کی طرف روانہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یاتریوں کا پہلا جتھہ ہفتے کے روز پوتر گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوگا۔

حکام نے ضلع گاندربل کے منی گام میں سری نگر – بالتل روٹ پر یاترا ٹرانزٹ کیمپ قائم کئے ہیں جبکہ قاضی گنڈ – پہلگام روٹ پر میر بازار میں ایک اور ٹرانزٹ کیمپ قائم کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یاترا کے لئے اب تک قریب ساڑھے تین لاکھ یاتریوں نے رجسٹریشن کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوتر گھپا کی طرف جانے والے روٹس پر 125 لنگر قائم کئے گئے ہیں جن میں 7 ہزار رضا کار یاتریوں کی خدمت کریں گے۔

یاتریوں کی سہولیت کے لئے دونوں روٹس پر ہیلی کاپٹر خدمات بھی دستیاب رکھی گئی ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق امسال یاترا ڈیوٹی کے لئے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، مقامی پولیس، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی 38 مائونٹیں ریسکیو ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔

امسال بھی حسب معمول یاترا حسب روایت 48 کلو میٹر طویل ننون – پہلگام اور 14 کلو میٹر طویل بالتل روٹس سے شروع ہوگی۔

سال گذشتہ زائد از ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے شری امر ناتھ جی یاترا کی تھی۔

یو این آئی -ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں