امرناتھ یاترا کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر، جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامیہ سے سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں یاتریوں کی سہولیت کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی حکومت پر زور دیا ہے کہ گذشتہ سال کی طرح سیکورٹی کے نام پر مقامی آبادی کا جینا دوبھر کرنے سے اجتناب کرے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں انتظامیہ پر زور دیا کہ یاتریوں کے قیام و طعام کیساتھ ساتھ علاج و معالجہ کی سہولیات میسر رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور ماضی کی طرح یاترا کو خوش اسلوبی کیساتھ اختتام کو پہنچائے۔ اس کے علاوہ بال تل میں گذشتہ سال بادل پھٹنے سے ہوئے جانی نقصان جیسے واقعات سے بچاﺅ کیلئے پیشگی اقدامات بھی اُٹھائے جائیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری عوام نے صدیوں سے یاتریوں کا کھلے دل سے استقبال کیا ہے۔ دوستی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی طویل عرصے سے مقامی ثقافت اور اخلاقیات کی بنیاد رہی ہے۔ کشمیر کا سماجی و سیاسی ماحول عظیم بزرگوں اور سنتوں کی تعلیمات سے تشکیل پایا ہے، جن کی تعلیمات محبت اور ہم آہنگی پر زور دیتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یاتریوں کی سیکورٹی کو ممکن بنانا اگرچہ انتہائی لازمی ہے لیکن ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے کہ کہیں مقامی آبادی کو کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال یاترا کی سیکورٹی بندوبست کے نام پر یاترا روٹ پر کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کی نقل و حرکت بری طرح اثرانداز ہوئی تھی۔ کئی کئی گھنٹو ںتک ٹریفک بند کرکے سکولی بچوں، مسافروں یہاں تک کہ ایمبولنسوں کو بھی چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس سے پہلے کبھی بھی کثیر سطحی حفاظتی انتظامات مقامی لوگوں کے لئے اتنے پریشان کن نہیں تھے، جنہوں نے کھلے بازووں سے ہمیشہ یاتریوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

یہاں تک کہ پُرآشوب دور میں بھی یاترا بلا روک ٹوک چلی اور کشمیریوں نے ہمیشہ اسے تعاون اور اشتراک فراہم کیا ہے ۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں