بڈگام میں ملی ٹنسی کی مدد کرنے والے ملزم پر جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس نصب: پولیس

سری نگر، جموں و کشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ملی ٹنسی کی حمایت کرنے میں ملوث ایک ملزم پر جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس نصب کیا ہے۔ ملزم کی شناخت مدثر فیاض کے طور پر کی گئی ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عدالت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات کی تعمیل میں بڈگام پولیس نے مدثر فیاض نامی ایک شخص پر کامیابی سے جی ایس پی ٹریکنگ ڈیوایس نصب کیا ہے جس پر کشمیر میں ملی ٹنسی کی مدد کرنے کا الزام ہے۔

انہوں نے کہا: ‘یہ کارروائی پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں یو اے پی کے ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 150/2022 میں انجام دی گئی’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ہائی پروفائل کیسوں میں جی پی ایس ٹریکنگ آلات کا استعمال عوامی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو واضح کرتا ہے’۔

بیان میں کہا گیا: ‘ ان آلات کے استعمال سے زیادہ خطرہ والے مجرموں کی نقل و حمل پر باریک بینی سے نگرانی رکھی جا سکتی ہے’۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں