لداخ میں ایل اے سی کے قریب ٹینک حادثے کا شکار، جے سی او سمیت پانچ جوان جاں بحق

سری نگر، لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں جمعہ کی شب حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) کے قریب ایک ٹینک کو پیش آنے والے حادثے میں ایک جونیئر کمشنڈ افسر (جے سی او) سمیت 5 جوان جان بحق ہوگئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ دولت باغ اولڈی کے مندر موڑ علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ٹی 72 ٹینک جسے فوج کے اہلکار چلا رہے تھے دریا عبور کرنے کے دوران غرق آب ہوگیا۔

انہوں نے کہا: ‘ ٹینک میں پانچ فوجی جوان سوار تھے جب یہ حادثہ پیش آیا اور اس حادثے میں پانچوں جوانوں کی موت واقع ہوئی’۔

فائر اینڈ فیوری کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 28 جون 2024 کی شب فوجی تربیتی سرگرمی سے فارغ ہونے کے بعد مشرقی لداخ کے ساسر برنگسا کے قریب دریائے شیوک میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہوا جس میں فوج کا ایک ٹینک پھنس گیا۔

انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی بچائو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم پانی کے بہائو میں تیزی اور سطح میں اضافے کی وجہ سے بچائو آپریشن کامیاب نہ ہوسکا جس کے نتیجے میں ٹینک کا عملہ جان کی بازی ہار گیا۔

پوسٹ میں کہا گیا: ‘فوج مشرقی لداخ میں آپریشن کے دوران پانچ بہادر جوانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ بچائو آپریشن ہنوز جاری ہے۔

دریں اثنا وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس حادثے پر اظہار دکھ کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔

انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘لداخ میں ایک ٹینک کو دریا پار کرانے کے دوران پیش آنے والے حادثے، جس میں ہماری فوج کے پانچ بہادر جوان جاں بحق ہوئے، پر گہرا دکھ ہوا’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ہم قوم کے تئیں اپنے بہادر جوانوں کی مثالی قربانی کو کبھی بھول نہیں سکتے ہیں’۔

وزیر دفاع نے متاثرہ کنبوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: ‘قوم مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے’۔

یو این آئی -ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں