سری نگر، پائین شہر کے حبہ کدل علاقے میں غرقآب ہوئے کمسن لڑکے کی لاش کو باز یاب کرنے کی خاطر پیر کو دوسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا۔
ایس ڈی آر ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کمسن لڑکے کی لاش کی بازیابی کی خاطر ماہر خوط خوروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کے حبہ کدل علاقے میں اتوار کی سہ پہر کمسن لڑکا نعمان نہانے کے دوران غرقآب ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے کمسن لڑکے کی لاش کو باز یاب کرنے کی خاطردیر رات تک آپریشن جاری رکھا تاہم اس دوران انہیں کامیابی نہیں ملی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کی صبح پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع کیا ۔
ایس ڈی آر ایف کے ایک عہدیدار نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ کمسن لڑکے کی لاش کو باز یاب کرنے کی خاطر تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہر خوط خوروں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے اور لوگوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت دریائے جہلم میں پانی کی سطح کافی بلند ہے جس وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو دقتوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ