بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے چھ مہینوں کے دوران 178 منشیات فروش گرفتار، 52کروڑ روپیہ مالیت کی نشیلی اشیاءبرآمد :پولیس

سری نگر،منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے چھ مہینوں کے دوران 178 مقدمے درج کرکے 45 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 178 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے کروڑوں روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے رواں سال کے ماہ جنوری سے ماہ جون تک مختلف کارروائیوں کے دوران 178 مقدمے درج کرکے 178 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان میں سے 133 کو این ڈی پی ایس ایکٹ جبکہ 45 کی پی ٹی آئی/ این ڈی پی ایس/ پی ایس اے کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران منشیات فروشوں سے 15 گاڑیاں ضبط جبکہ 14 لاکھ 50 ہزار روپیے نقدی برآمد کئے گئے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ سال رواں کے پہلے6 مہینوں کے دوران گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی تحویل سے کل 52. کروڑ مالیت کا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔

انہوں نے ضبط شدہ نشہ آور مواد کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی تحویل سے 8.327 کلو گرام براﺅن شوگر جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت51.73 کروڑ روپیے ہے، 671 گرام ہیرﺅن جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 86.43. لاکھ روپیے ہے، 4.98 کلو چرس جس کی قیمت 33 لاکھ روپیے ہے، 62.60 کلو بھنگ پاﺅڈ جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت41.77 لاکھ روپیے

ہے،سپاسموپراگزییون پلس کی 1516 گولیاں جس کی قیمت 72 ہزار روپیے ہے اور کوڈین فاسفوٹ کی 81 سرپس جس کی مارکیٹ میں قیمت 20 ہزار روپیے ہے، نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے سال 2023 کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا تھا۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں