ایم بی بی ایس انٹرنز کے ماہانہ مشاہرہ میں اضافہ کیا جائے: نیشنل کانفرنس

سری نگر،جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار نے ایم بی بی ایس انٹرنز کو دیے جانے والے ماہانہ مشاہرہ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ رقم ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بہت کم ہے۔

احتجاجی ایم بی بی ایس انٹرنز کے مطالبے کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس وقت انہیں جو معمولی مشاہرہ فراہم کیا جارہا ہے وہ ان کی بنیادی ضروریات کو بھی پورا کرنے میں ناکام ہے۔

ایم بی بی ایس انٹرنز بہت زیادہ دباو میں گھنٹوں کام کرتے ہیں۔ ان کا مشاہرہ بمشکل ضروری چیزیں جیسے کرایہ، کھانا اور نقل و حمل کی برپائی کرتا ہے۔ اگرچہ کچھ انہیں طالب علم کے طور پر دیکھ سکتے ہیں، لیکن ان کی ذمہ داریاں جونیئر ڈاکٹروں سے مختلف نہیں ہوتی ہیں۔

ہمارے شعبہ صحت کے مستقبل کی حمایت میں بولتے ہوئے عمران نبی ڈار نے کہا کہ کئی برسوں سے جموں و کشمیر میں ایم بی بی ایس انٹرنز کو تقریباً 12,500 روپے ماہانہ مشاہرہ ملتا ہے جبکہ ملک میں دیگر جگہوں پر انٹرنز کے مشاہرہ میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔2021 میں، مرکزی وزارت صحت نے مرکزی حکومت کے اداروں میں انٹرن کے لئے مشاہرہ بڑھا کر 26,300 روپے ماہانہ کر دیا۔ قدرتی طور پر، جموں و کشمیر کے انٹرنز برابری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس لئے مشاہرہ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جانا چاہیے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم ان سرشار طبی پیشہ ور افراد کی قدر کریں اور مناسب مشاہرہ دیں جو انتھک محنت کرتے ہیں۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں