جموں،جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوئین نے بدھ کے روز کہا کہ یونین ٹریٹری میں حالات معمول پر ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ دراندازی کے ذریعے چند غیر ملکی دہشت گرد اس طرف آنے میں کامیاب تو ہوئے لیکن ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جہاں تک کشمیر کا تعلق ہے تو یہاں پر پانچ سال قبل ڈر اور خوف کا ماحول تھا وہ اب ختم ہو گیا ہے اور لوگ آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر میں مقامی نوجوانوں کی دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت کے رجحان میں غیر معمولی کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ امن و قانون کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔
پولیس سربراہ نے کہاکہ ہم اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ دراندازی کے ذریعے چند غیر ملکی دہشت گرد اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے لیکن ان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ان کے مطابق ہمیں اس بات کی پوری جانکاری ہے کہ چند غیر ملکی دہشت گرد اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہاکہ گھنے جنگلات اور لمبی سرحد کی وجہ سے دہشت گرد کھبی کھبار ہی دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
آر آر سوئین کے مطابق ہمارا دشمن دہشت گردوں کو جموں وکشمیر میں دھکیلنے کی خاطر نئے طریقے اپنا رہا ہے تاہم جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کی خاطر پوری طرح سے چوکس ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کی جیت یقینی ہے۔
پولیس سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ حملوں کے بعد جموں صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کو کامیابیاں ملی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ