شری امرناتھ جی یاترا: قریب 7 ہزار یاتریوں کا تازہ قافلہ کشمیر روانہ

جموں،شری امرناتھ جی یاترا کا سلسلہ جوش و خروش سے جارہی رہتے ہوئے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعہ کی صبح بم بم بولے نعروں کی گونج میں قریب 7 ہزار یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ یاترا کے پہلے 6 دنوں کے دوران زائد از سوا لاکھ یاتری پوتر گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعہ کی صبح 6 ہزار 9 سو 19 یاتری 2 سو 19 گاڑیوں میں سخت سیکورٹی حصار میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ننون پہلگام اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع بالتل بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح روانہ ہونے والے یاتریوں میں 5 ہزار 2 سو 41 مرد، 1 ہزار 4 سو 35 خواتین، 16 بچے، 2سو 14 سادھو اور 13 سادھوائیں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان یاتریوں میں سے 4 ہزار 3 سو 77 ننون پہلگام جبکہ 2 ہزار 5 سو 42 بالتل بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے۔

بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 28 جون کی صبح 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے لئے روانہ کیا تھا۔

وادی میں انتظامیہ، سول سوسائٹی تنظمیوں، تجارتی یونیوں اور عام لوگوں نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتطامات کئے گئے ہیں۔
جہاں یاتریوں کو تمام سہولیات و خدمات بہم پہنچانے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 52 دنوں پر محیط یہ یاترا 19 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔

و این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں