کشمیر: یاتریوں کے لئے ننون بیس کیمپ میں پوسٹ آفس کا افتتاح

سری نگر، محکمہ ڈاک جموں وکشمیر سرکل نے شری امرناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں کی سہولیت کے لئے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ننون پہلگام بیس کیمپ پر ایک پوسٹ آفس کھول دیا۔

سری نگر ڈویژن کے سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پوسٹ آفسز جاوید احمد حاجی نے اس پوسٹ آفس کا افتتاح کیا۔

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یاتریوں کے لئے دستیاب خدمات پر روشنی ڈالی جس میں رجسٹرڈ خطوط کی بکنگ، اسپیڈ پوسٹ اور پارسل،، پوسٹ آفس سیونگ بینک اکائونٹ کی خدمات (کھولنا، جمع کرنا اور نکالنا)، انڈیا پوسٹ پیمنٹ بینک اکائونٹ کی خدمات شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ‘آدھار فعال ادائیگی کے نظام (اے ای پی ایس) سے یاتری اپنے آدھار نمبر کا استعمال کرتے ہوئے لین دین کر پائیں گے اور آدھار سے منسلک کسی بھی بینک اکائونٹ سے رقم نکالنے اور جمع کرنے کے قابل بنائے گا’۔

موصوف سپر انٹنڈنٹ نے کہا: ‘اس کے علاوہ یاتری ان موسمی ڈاک خانوں سے پیک شدہ گنگا جل، پارسلوں کے لئے پیکیجنگ مواد اور پوسٹل سٹیشنری کی اشیا جیسے لفافے، اندورن ملک لیٹر کارڈ اور پوسٹ کارڈ خرید سکتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ایک مستقل پوسٹ آفس جامع خدمات پیش کرتا ہے جس میں میل بکنگ، بچت بینک خدمات اور پہلگام اور اس کے ملحقہ علاقوں میں عام لوگوں کو میل کی ترسیل شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوسٹل کنیکٹیوٹی کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جموں وکشمیر پوسٹل سرکل نے پہلگام پوسٹ آفس میں ایک تصویری کلینڈر جاری کیا ہے جس میں مذہبی یاترا ‘شری امرناتھ جی گھپا’ کی ایک تصویر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام پوسٹ آفس میں مستقل تصویری منسوخی جلد ہی عام لوگوں کے لئے دستیاب ہوگی۔

جاوید حاجی نے محکمے کی طرف سے بیس کیمپوں پر یاتریوں کی سہولیت کے لئے ہر سال موسمی پوسٹ آفسز کھولنے کے عزم کو دہرایا۔

اس موقع پر اننت ناگ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ سپر انٹنڈنٹ آف پوسٹ آفسز اشفاق احمد گنائی بھی موجود تھے۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں