شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں دلدوز سڑک حادثہ، ایک ہی کنبے کے چار افراد کی موت

سری نگر، شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے قصبہ ہندوارہ میں پیر کی شام دیر گئے ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک ہی کنبے کے چار افرادکی موت ہوگئی۔ذرائع نے بتایا کہ ہند وارہ کے راجور علاقے میں پیر کی شام ایک ایک ٹاٹا مہیندار گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK15 – 4626 سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک ہی کنبے کے چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔

متوفین جن میں والد اور اس کے دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے، کی شناخت 60 سالہ غلام رسول بٹ ولد غلام محمد بٹ، 28 سالہ طاہر احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ، 17 سالہ شبنم رسول دختر غلام رسول بٹ اور 15 سالہ رفعت رسول دختر غلام رسول ساکنان راجور کے طور پر ہوئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ کنبہ پانی لانے کے لئے زچل ڈارہ جا رہا تھا جس دوران یہ انتہائی اندوہناک حادثہ پیش آیا۔پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی کم سے کم ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد کی موت واقع ہوئی۔

دریں اثنا متوفین کو رات دیر گئے اپنے آبائی قبرستان میں آہ و فغاں کے بیچ سپرد خاک کیا گیا۔اس انتہائی دلخراش واقعے سے پورے علاقے میں ماتم کا ماحول چھایا ہوا ہے اور علاقے کے زن و مرد غم کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں