سری نگر، فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچھندرا کمار نے بدھ کے روز لداخ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے وہاں تعینات فوجی جوانوں کو مستقبل کے چلینجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے دراس میں کرگل وار میموریل کا بھی دورہ کیا اور وہاں آپریشن وجے کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا نیز کرگل وجے دیوس کے سلسلے میں کیا جا رہی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس دوران فائر اینڈ فیوری کور لیہہ کے جی او سی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
فوج کی شمالی کمان نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘کرگل وجے دیوس کی رجت جینتی کی روشنی میں لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچھیندرا کمار نے جی او سی فائر اینڈ فیوری کے ہمراہ دراس میں کرگل وار میموریل کا دورہ کرکے وہاں آپریشن وجے کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا’۔
انہوں نے کہا: ‘موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے ایل او سی پر تعینات فوجی یونٹوں کا جائزہ لیا اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا’۔
اس دوران انہوں نے فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کے مظاہرے کی سراہنا کی اور ان کو مستقبل کے چلینجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنے کی تلقین کی۔
سچھیندرا کمار نے کرگل سیکٹر کے بٹالک میں فارمیشن کمانڈروں اور جوانوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔
انہوں نے اپنے دورے کے دوران کرگل وجے دیوس کے سلسلے میں کی جا رہی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
بتادیں کہ سال 1999 میں کرگل میں پاکستان پر فتح کی یاد میں ہر سال 26 جولائی کو کرگل دیوس منایا جاتا ہے۔ اس سال کرگل دیوس کی 25 ویں برسی ہے۔
یو این آئی- ایم افضل