سری نگر،جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہاکہ ہر ایک ادارہ گذشتہ10سال سے زوال پذیری کا شکار ہے اور اس دوران نہ صرف لوگوں کے مسائل و مشکلات میں بے حد اضافہ ہوا ہے بلکہ تعمیر و ترقی کے لحاظ سے بھی ہماری یہ ریاست بہت پیچھے رہ گئی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی ہیڈ کواٹر پر یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ 2015میں یہاں حکومت کی تبدیلی کیساتھ ہی جمہوری اور انتظامی اداروں کی تنزلی ہونے کی شروعات ہوئی اور 2019کے بعد اس تنزلی میں بہت زیادہ تیزی آگئی۔ غیر جمہوری نظام اور غیر مقامی افسران کی بھرمار نے یہاں کی انتظامیہ کو مفلوج بنا کر رکھ دیاہے۔
بدقسمتی سے یہاں کا نظام ایسے مٹھی بھر افراد اور افسران کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے جو یہاں کے حالات، جغرافیائی صورتحال، یہاں کے ضروریات، لوگوں کے مزاج ، جذبات اور مطالبات سے سرے سے ہی نابلد ہیں۔ یہاں ایک تاناشاہی جیسا نظام رائج ہے اور چند افراد اپنی من مرضی انتظامیہ چلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، جس میں عوامی رائے شامل نہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ لوگوں کو اس وقت پہاڑ جیسے مشکلات کا سامنا ہے، ہسپتالوں اور سکولوں کا درجہ بڑھانے کے بجائے ان میں نفری قوت کم کی جارہی ہے۔
میں کل ہی پونچھ کے دورہ کرکے آیا وہاں ایک ہسپتال میں مشکل سے ہی ایک ڈاکٹر دستیاب ہے، ٹیسٹ کرنے کیلئے کوئی نیم طبی عملہ نہیں۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ایک تشویشناک بات سامنے آئی ہے کہ 70000ہزار سے زائد بچوں نے سکول جانا بند کردیاہے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا جارہاہے، ملازمین کو مختلف طریقوں سے تنگ کیا جارہاہے، عارضی ملازمین کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں اجرتوں کیلئے ترسایا جارہاہے۔
سرکاری محکموں میں جن فنڈس سے نیڈ بیسڈ اور روزانہ اجرتوں پر کام کرنے والوں کو تنخواہیں فراہم کی جاتی تھیں وہ فنڈس آج افسران اور اس کے رشتہ داروں کے عیش و عشرت میں صرف ہورہے ہیں ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ انشاءاللہ عوامی تعاون اور اشتراک سے نیشنل کانفرنس جونہی جموںوکشمیر کی باگ ڈور سنبھالے گی تو ملازمین، تاجروں،کاروباریوں، عارضی ملازمین اور دستکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جیسے ہماری جماعت ماضی میںکرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پے کمیشنوں کا اطلاق ہو یا ریٹائرمنٹ اور بھرتی کی عمر کی حد میں اضافہ نیشنل کانفرنس کی حکومتوں کی دین ہے اور ہماری جماعت مستقبل میں بھی اپنی عوام دوست پالیسی جاری رکھے گی۔
یو این آئی، ارشید بٹ