ریاسی میں پولیس کانسٹیبل کا سنسنی خیز قتل، ملزم گرفتار :پولیس

جموں،جموں کے ریاسی ضلع میں پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث ملزم کو ایک گھنٹے کے اندر اندر پولیس نے دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بدھ کے روز دو بجکر 40منٹ پر پولیس اسٹیشن ریاسی کو اطلاع موصول ہوئی کہ کانسٹیبل ظہور احمد بیلٹ نمبر 481/KTRولد محمد قاسم کی لاش گران مورہ ریاسی کے نزدیک برآمد کی گئی ہے ۔

پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کی خاطر ہسپتال منتقل کیا ۔

موصوف ترجمان کے مطابق معاملے کے متعلق پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ ایس ایس پی ریاسی موہت شرما نے ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر ریاسی اور ایس ایچ او کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔

ان کے مطابق سخت کوششوں کے بعد ٹیم نے ملزم شکور احمد عرف شوکی ولد عبدالحمید ساکن کاتل گران مورہ ریاسی کو ایک گھنٹے کے اندر اندر دھر دبوچا۔

ترجمان کے مطابق ملزم ضلع سے فرار ہونے کی فراق میں تھا لیکن پولیس ٹیم نے اس کو عین موقع پر گرفتار کیا- پولیس کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

دریں اثنا ڈی ایس پی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ آج انڈسٹریل ایریا ریاسی کے نزدیک خون میں لت پت پولیس کانسٹیبل کی لاش برآمد کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ پولیس نے کیس درج کرکے آس پاس موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالا جس دوران دو افراد کے نام سامنے آئے۔

ان کے مطابق ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اوراس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں