اکھنور اور کانا چیک میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری

جموں،جموں کے اکھنور اور کانا چیک علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ کانا چیک اور اکھنور میں تین مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد فوج اور پولیس نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار رہائشی مکانوں کی تلاشی کے ساتھ ساتھ مکینوں کے بھی شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کر رہے ہیں۔

پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کانا چیک اکھنور میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔

ان کے مطابق علاقے میں چند مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے علاقے کی اور جانے والی شاہراوں کو سیل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد ضلع جموں میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں