سری نگر، وادی کشمیر میں جمعے کی دوپہر کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کا مرکز شمالی کشمیر کا ضلع بارہمولہ تھا۔
نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق کشمیر میں جمعہ کے روز 12 بج کر 26 منٹوں پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جس مرکز شمالی کشمیر کا ضلع بارہمولہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
گرچہ زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم بارہمولہ اور ملحقہ علاقوں میں زور دار جھٹکے محسوس ہونے کے نتیجے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کچھ ویڈیوز میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ایک سوشل میڈیا صارف بلال میر نے کہا: ‘گرچہ اس زلزلے ریکٹر اسکیل پر شدت4.2 تھی لیکن جھٹکے اس قدر زور دار تھے جیسے اس کی شدت 7 تھی۔
بارہمولہ کے ایک اور رہائشی نے کہا کہ جھٹکے اس قدر زور دار تھے کہ لوگ گھروں کو واپس جانے میں ڈر محسوس کر رہے تھے۔
اس زلزلے کے جھٹکے سری نگر کے علاوہ کشمیر کے باقی حصوں میں بھی محسوس کئے گئے۔
سینٹر کے مطابق لداخ یونین ٹریٹری ضلع لیہہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 2 بج کر 2 منٹوں پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 20 کلو میٹر تھی۔
تاہم زلزلوں سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔
یو این آئی- ایم افضل