جموںجموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز کہا کہ موجودہ انتخابات میں اُن طاقتوں کو مسترد کرنا لازمی بن گیا ہے جو لوگ نفرت اور زہر پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جو لوگ ہمارے بھائی چارے کو زک پہنچانا چاہتے ہیں ، جو لوگ ہمیں مذہبی ، علاقائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں مسترد کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔
ان باتوں کا اظةار عمر عبداللہ نے خط پیر پنچال میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران کیا۔
عمر عبداللہ نے عوام سے گذارش کی کہ وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور سوچ سمجھ اور سوجھ بوجھ کیساتھ اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں۔ جن لوگوں نے گذشتہ 10سال سے جموں وکشمیر کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر لاکھڑ اکیا ہے اُن کی سازشوں کو ناکام بنانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جموں وکشمیر کے حالات غیر ہیں، کشمیر تو چھوڑیئے آج جموں کے ہرکونے میں حالات بدتر ہورہے ہیں، جن علاقوں میں 2014سے قبل ملی ٹنسی کا نام نہیں وہاں آج آئے روز حملے ہوتے ہیں اور فوجیوں کو نشانہ بنایا جاتاہے۔ چناب ویلی ہو، خطہ پیرپنچال ہو یا جموں نیز جموں صوبہ کے ہر ایک ضلع میں ملی ٹنسی سے متعلق واقعات اب معمول بن کر رہ گیاہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ پچھلے 10سال دورِ حکومت میں بی جے پی نے ملی ٹینسی کو نیا جنم دیا اور جب کوئی ان سے اس سے متعلق سوال کرتا ہے تو وہ اس کا جواب دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بس یہ بی جے پی والے ہمیں باٹنے میں لگے ہوئے ہیں ، ان کی یہی کوشش ہے کہ کسی طرح سے ہم تقسیم ہوجائیں اور یہ لوگ ہم پر پھر سے راج کرکے یہاں اپنی تاناشاہی راج چلاتی رہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے عزم کیا ہے کہ حکومت میں آنے کی صورت میں ہم لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریںگے۔ ہم نے اپنے منشور میں ایک لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، ہم نے مفت راشن کوٹا کو دوگنا اور چینی و مٹی کے تیل کی سپلائی پھر سے بحال کرنے کا عہد کیاہے۔
ان کے مطابق ہم نے بجلی فیس میں راحت کیلئے 200یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، ہم نے پانی پر فیس ختم کرنے وعدہ کیاہے، ہم نے یونیورسٹی سطح تعلیم کو واپس مفت کرنے کا وعدہ کیاہے، ہم ڈیلی ویجروں کی مستقلی اور سوشل ویلفیئر سکیموں کی بحالی کیساتھ ساتھ مہنگائی پر قابوپانے کیلئے ایک لائحہ عمل مرتب دیاہے اور اسے اپنے منشور میں شامل کیا ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ