راہل گاندھی ’محبت کی دکان‘ پر دہشت گردی بیچ رہا ہے : وزیر داخلہ امیت شاہ

جموںمرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی ’محبت کی دکان‘ کی باتیں کررہا ہے اور اسی دکان سے وہ دہشت گردی کے احکامات جاری کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ جب تک پاکستان دہشت گردی کو ختم نہیں کرتا تب تک مذاکرات شروع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ان باتوں کا اظہار وزیر داخلہ نے جموں میں تین بڑی چناوی ریلیوں سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر موجودہ مرکزی حکومت نے زمینی سطح پر کام کیا جس کے اب مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کانگریس – نیشنل کانفرنس الائنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: ‘اس الائنس نے جموں و کشمیر میں ہمیشہ دہشت گردی اور علاحدگی پسندی کے لئے بنیاد فراہم کی ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘کسی بھی طاقت کو ہندوستان کی زمین دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی’۔

دفعہ 370 کی بحالی کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘یہ دفعہ اب ملک کی تاریخ کا پرانا باب بن گیا ہے’۔

لوگوں کی طرف مخاطب ہو کر امیت شاہ نے کہا کہ کیا لوگ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو واپس لانا چاہتے ہیں تو ورکروں نے زوردار آواز میں ‘نہیں’ کہا۔

انہوں نے کہا: ‘میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ کیسے دفعہ 370 کو بحال کر سکتے ہیں، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نہ دہشت گردی اور نہ ہی دفعہ 370 اب کبھی واپس آسکتا ہے’۔

وزیر داخلہ نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر جموں کے لوگوں میں ڈر اور خوف کا ماحول پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم جموں صوبے میں دہشت گردی کو نیست و نابود کریں گے۔

مرکزی وزیر نے لوک سبھا میں راہول گاندھی کی جانب سے سکھوں کے خلاف کیے گئے تبصروں پر بھی نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہاکہ راہل گاندھی محبت کی دکان کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور اسی محبت کی دکان میں وہ دہشت گردی کے احکامات جاری کر کے پاکستان سے بات چیت شروع کرنے کی وکالت کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ امیت شاہ نے واضح کیا کہ جب تک پڑوسی ملک دہشت گردی کو ختم نہیں کرتا بات چیت شروع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا :’اگر بات چیت شروع کرنی ہی پڑے گی تو ہم جموں وکشمیر کے نوجوانوں سے کریں گے۔ ‘

امیت شاہ نے الیکشن منشور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر بی جے پی حکومت میں آتی ہے تو لوگوں کے سبھی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیںگے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن منشور میں بی جے پی نے لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سال 2014کے بعد بھاجپا کی سربراہی والی مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں امن و امان کو بحال کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا اور اس طرح سے مرکزی زیر انتظام علاقے میں امن اور خوشحالی کا ایک نیا باب شروع ہوا۔

امیت شاہ نے کہا :’پانچ اگست 2019کو مرکزی حکومت نے تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے دفعہ 370اور 35اے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا اور دنیا کی کوئی طاقت اس قانون کو واپس نہیں لاسکتی ہے۔

یو این آئی – ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں