سری نگر، نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جیلوں میں بند جن کشمیری نوجوانوں کے کیس ابھی تک شروع نہیں کئے گئے ہیں ان کوفوری طور پر شروع کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر ایسے نوجوان ہیں جن کے کیس ابھی تک شروع ہی نہیں کئے گئے ہیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو وسطی ضلع بڈگام میں ایک انتخابی ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
وزیر داخلہ کے بیان کہ کسی بھی پتھر باز کو رہا نہیں کیا جائے گا، کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’ہر کسی کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرکے جیل سے رہائی پا سکے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں یہ جاننا چاہوں گا کہ جن کو گرفتار کیا گیا ہے کیا ان سب کے خلاف کیس شروع کئے گئے ہیں کیا ان سب کے خلاف عدالت میں جرم ثابت کیا گیا ہے اور کتنے ایسے ہیں جن کے خلاف عدالت میں الزام ثابت کیا گیا ہے‘۔
عمر عبداللہ نے کہا: ’ان میں سے زیادہ تر ایسے ہیں جن کے خلاف ابھی کیس شروع ہی نہیں ہوئے ہیں‘۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن کے خلاف ابھی تک کیس شروع نہیں کئے گئے ہیں ان کو شروع کیا جانا چاہئے۔
یو این آئی- ایم افضل