وزیر اعظم کا 28 ستمبر کو دورہ جموں، مولانا آزاد اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر

جموں، وزیر اعظم نریندرمودی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی مہم کے لئے 28 ستمبر کو جموں کا دورہ کریں گے جہاں وہ مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔تین مرحلوں پر محیط جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران یہ وزیر اعظم کا تیسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کی دوران وزیر اعظم نے 14 ستمبر کو پہلا دورہ جموں و کشمیر کیا تھا جبکہ 19ستمبر کو انہوں نے سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں اور ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کئے۔

جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی جبکہ پہلے مرحلے کی پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوئی اور دوسرے مرحلے کی پولنگ 25 ستمبر یعنی بند کے روز منعقد ہونے والی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی 28 ستمبر کو جموں کے مولانا اآزاد اسٹیڈیم میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے منگل کے روز مولانا آزاد اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ لیا اس دوران پارٹی کے کئی لیڈر ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر جموں و کشمیر یونٹ کے بی جے پی لیڈر آشیش سود نے میڈیا کو بتایا: ’وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے خاص لگائو ہے، جو پانچ اگست 2019 کے بعد انہوں نے یہاں کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کئے ہیں لوگ ان سے کافی خوش ہیں‘۔

مبصرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کے انتخابی مہم کے دوران ریلی سے خطاب سے جہاں پارٹی امید واروں کو کافی فائدہ ہوگا وہیں پارٹی کارکنوں کے حوصلے بھی بلند ہوں گے۔

وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جیسے بی جے پی کے بڑے لیڈر پارٹی کے لئے زیادہ سے زیادہ سیٹوں کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں جبکہ بعض بڑے لیڈر یہیں خیمہ زن ہیں۔

بتادیں کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے 7 اضلاع کی 40 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ان میں سے کشمیر میں 16 سیٹوں جبکہ جموں کی 24 نشستوں کی پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اودھم پور، کٹھوعہ، سانبی اور جموں شامل ہے۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے اس تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے کے لئے کل 449 امید وار میدان میں ہیں۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں