سری نگرجموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے مضافاتی علاقے حضرت بل حلقے میں 90سالہ معمر خاتون نے بھی اپنا ووٹ ڈالا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ گزشتہ 70سالوں سے جمہوری عمل میں حصہ لیا ہے۔
خاتون نے مقامی سیاسی پارٹیوں سے گلہ بھی کیا کہ لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سری نگر کے مضافاتی علاقوں میں دن کے بارہ بجے تک اچھی خاصی ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔حضرت بل حلقے کے پنجہ کر واری مڈل اسکول میں قائم پولنگ مرکز پر ایک 90سالہ خاتون خدیجہ نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔
مذکورہ خاتون نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ گزشتہ 70سالوں سے جمہوریت کو مضبوط کرنے کی خاطر ووٹ ڈالا ہے۔انہوں کہاکہ جمہوری عمل میں ہر کسی کو حصہ لینا چاہئے کیونکہ اسی طاقت سے اپنے من پسند لیڈر کو چنا جا سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر سیاستدانوں کو الیکشن کے بعد بھی کام کرنا چاہئے۔
خدیجہ نامی خاتون نے مقامی سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ جب امیدوار جیت جاتے ہیں تو وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی اور کوئی توجہ مبذول نہیں کرتے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اس وقت گونا گوں مشکلات کا سامنا کرناپڑر ہا ہے لہذا نئی حکومت کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی اور اپنی توجہ مبذول کرنی چاہئے۔
یو این آئی، ارشید بٹ