سری نگر، بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں کشمیر الیکشن مہم انچارج رام مادھو کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت کے فروغ کے لئے عبداللہ، مفتی اور گاندھی خاندانوں کو جموں و کشمیر کی سیاست سے بے دخل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر میں امن قائم کیا اور دہشت گردی کو کچل ڈالا۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز گریز کے بٹرہ علاقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر میں امن قائم کیا اور دہشت گردی کو کچل ڈالا لیکن نیشنل کانفرنس اور کانگریس جموں وکشمیر میں دہشت گردی کو زندہ کرنا چاہتے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’لوگ وزیر اعظم کے ترقی کے ایجنڈے کو سپورٹ کر رہے ہیں‘۔
رام مادھو نے اپنے خطاب میں کہا: ’کانگریس اور نیشنل کانفرنس دفعہ 370 کو واپس لانا چاہتے ہیں جس کا معنی یہ ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں ایک بار پھر تباہی چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا: ’ان تین خاندانوں کو جموں وکشمیر کی سیاست سے بے دخل کرنا ضروری ہے تاکہ جموں وکشمیر میں جمہوریت کو فروغ مل سکے اور یہاں امن قائم رہ سکے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’وزیر اعظم نے جموں وکشمیر میں جمہوریت کو زمینی سطح پر لایا ہے اور امن کو بحال کیا ہے جس سے یہاں تعمیر و ترقی کے لئے راہیں ہموار ہوئیں‘۔
مسٹرمادھو نے کہا: ’تین خاندانی جماعتوں نے جموں وکشمیر کو لوٹا اور یہاں جمہوریت کو کچل ڈالا ان لیڈروں سے مکمل آزادی ضروری ہے تاکہ قیام امن اور ترقی میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوسکے‘۔
انہوں نے لوگوں سے بھاری تعداد میں نکل کر بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’بی جے پی امید واروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ جموں وکشمیر کی ترقی کی رفتار دھیمی نہ پڑ سکے‘۔
یو این آئی- ایم افضل