سری نگر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بعض حصوں میں بارشوں کے ساتھ شمالی کشمیر میں واقع مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ علاقے میں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی۔ذرائع کے مطابق افروٹ میں صبح کے وقت قریب دو انچ برف جمع ہوئی تھی۔ماہر موسمیات فیضان عارف کے مطابق سنتھن ٹاپ، راز دان ٹاپ اور پیر کی گلی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 27 ستمبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ رک رک کر بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 27 ستمبر کی شام اور 28 ستمبر کی صبح کو بھی کئی مقامات پر بارشوں کے مختصر مرحلوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 28 سے30 ستمبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں یکم اکتوبر سے 6 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری 27 ستمبر کی شام کو گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں پر ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کاٹی ہوئی فصل کو محفظ طریقے سے ذخیرہ کریں اور ہفتے سے اپنے کھیت کھلیانوں میں کام دوبارہ شروع کریں۔
یو این آئی ایم افضل