جموںجموں وکشمیر کے سانبہ ضلع میں پل کی تعمیر کے سلسلے میں کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گر آیا جس کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کٹرا دہلی ایکسپرس ہاوے پر کام کے دوران چھ مزدور مٹی کے تودے کے نیچے آئے چنانچہ پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور مٹی کے نیچے پھنسے ہوئے مزدور وں کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دومزدوروں کو مردہ قرار دیا۔
حکام نے بتایا کہ سانبہ میں دیوک دریائے پر پل کی تعمیر کے دوران مٹی کا ایک بڑا تودا گر آنے کے نتیجے میں چھ مزدور اس کے نیچے دفن ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آرایف نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور دو گھنٹے کی انتھک کوشش کے بعد چار مزدوروں کو باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مشینری کی مدد سے مزید دور مزدوروں کو بھی باہر نکال کرنزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکے۔متوفین کی شناخت سوبن کمار ساکن بہار اور لال سنگھ ساکن ریاسی کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ