شمالی کشمیر میں پولنگ ڈیوٹی کے لئے فورسز کی چار سو کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے: ڈی آئی جی شمالی کشمیر

سری نگر، شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس( ڈی آئی جی) مقصود الزمان کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے لئے شمالی کشمیر کے تین اضلاع میں مختلف فورسز کی چار سو کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

بتادیں کہ تیسرے مرحلے کے لئے یکم اکتوبر کو کل چالیس سیٹوں کی پولنگ ہو رہی ہے جن میں سے کشمیر میں کپوارہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع کی سولہ سیٹوں کی ووٹنگ ہو رہی ہے۔

موصوف ڈی آئی جی نے پیر کے روز میڈیا کو بتایا: ’مختلف فورسز جیسے سی اے پی ایف، آرمڈ پولیس، سی آر پی ایف او دیگر فورسز کی لگ بھگ چار سو کمپنیوں کو شمالی کشمیر میں تعینات کیا گیا ہے‘۔

انہوں نے کہا: ’تمام فورسز کے درمیان اچھا تال میل ہے تاکہ صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنایا جاسکے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی کشمیر میں فورسز کی اس تعیناتی کو سی اے پی ایف کے ساتھ مشاورتی میٹنگوں کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔

مسٹر زمان نے کہا: ’ووٹروں کو پر امن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ لوگ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے اپنے من پسند امید واروں کو ووٹ ڈال سکیں‘۔

انہوں نے کہا: ’ہم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی گائیڈ لائنز کے عین مطابق سیکورٹی انتظامات کو عملی شکل دی ہے اور ان گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کی جا رہی ہے‘۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں