حکومت کے سامنے گراں بازاری اور بے روزگاری سب سے بڑے چیلنج : ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر، نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں حکومت کو جوچیلنجز در پیش ہیں ان میں گراں بازاری اور بے روزگاری سب سے بڑےچیلنجز ہیں۔

انہوں نے یہاں گپکار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر بدھ کے روز نامہ نگاروں کو بتایا: ’مجھے ان لوگوں کی فکر ہے جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور ہمیں ووٹ ڈالے، خدا کرے کہ ہم ان کے توقعات پر پورا اتریں‘۔

ان کا کہنا تھا: ’ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں سے گراں بازاری اور بے روزگاری سب سے بڑے چیلنجزہیں، لوگ گونا گوں مشکلات سے دوچار ہیں‘۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا:’ہمارے بچے پڑھے لکھے ہیں لیکن بے روز گار ہیں ہمیں ان کو روزگار فراہم کرنا ہے‘۔

انہوں نے کہا:’جو کشمیر اور جموں کے درمیان دوریاں پیدا کی گئی ہیں ہمیں ان کو کم کرنا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا: ’ہمیں جموں کے لوگوں کا بھی ایسا ہی خیال رکھنا ہے جیسا خیال ہم کشمیر کے لوگوں کا رکھتے ہیں تاکہ ہم ان کا اعتماد بحال کر سکیں‘۔

موصوف صدر نے کہا: گرچہ جموں میں ہمیں ووٹ نہیں ڈالے گئے لیکن اس کے باوجود ہم کشمیر اور جموں کے درمیان کوئی تفریق نہیں کریں گے‘۔

انہوں نے کہا: ’ہماری ذمہ داری ہے کہ جموں کے لوگوں کو در پیش مشکلات کو بھی دور کریں‘۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں