سری نگرکشمیرصوبے میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی اوڑی سجاد شفیع نے اسمبلی انتخابات میں سب سے زیادہ 39ہزار 713 ووٹ حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سجاد اوڑی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں 39ہزار 713ووٹ حاصل کئے، سکینہ ایتو نے 36ہزار 623اور عمر عبداللہ نے 36ہزار دس ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے ۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی آفیشل وئب سائٹ پر دستیاب اعداد وشمار کے مطابق اسمبلی انتخابات کے دوران سجاد اوڑی نے 35پولنگ مراکز میں زائد از 80فیصد ووٹ لئے۔
یہ پہلا موقع ہے جب کسی امیدوار نے اوڑی میں چالیس ہزار کے قریب ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق تاج محی الدین کو اپنی پارٹی ، بی جے پی ، پہاڑی فورم، راجا اعجا ز علی خان اور پیپلز کانفرنس کی حمایت حاصل تھی لیکن اس کے باوجود بھی سجاد اوڑی نے ووٹوں کے ایک بڑے مارجن سے تاج محی الدین کو ہرایا۔
سجاد شفیع بارہ مولہ میں نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر کے طورپر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کی قیادت میں پارٹی نے ضلع کی تمام سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
یو این آئی- ارشید بٹ