جموں، کینڈا میں ایک بھیانک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے جموں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی میت 18 اکتوبر کو گھر پہنچے گی۔
یہ جانکاری مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ نے ہفتے کو ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔
بتادیں کہ جموں کے رتنوچک علاقے سے تعلق رکھنے والے اودھے پرتاب سنگھ چرک نامی نوجوان کی کینڈا میں ایک سڑک حادثے میں موت واقع ہوئی ہے۔
ڈاکٹر جیتندرا سنگھ نے کہا: ’جموں کے رتنوچک علاقے سے تعلق رکھنے والے اودھے پرتاب سنگھ چرک نامی نوجوان کی موت کے سلسلے میں سخت محنت کے بعد فوتیدگی سرٹیفکیٹ، نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ اور ڈیتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کی گئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا: ’لواحقین کو یہ جان کر سکون ہو گا کہ 18 اکتوبر کو میت بھارت پہنچنے کا امکان ہے’۔
ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ’ہم وزارت امور خارجہ کے ساتھ ساتھ وینکوور، کینیڈا میں قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کا تہہ دل سے مشکور ہوں‘۔
یو این آئی – ایم افضل