سری نگر، سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ کی حلف بر داری تقریب کے لئے اسٹیج پوری طرح سے تیار ہے جہاں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کل یعنی 16اکتوبر کو اپنےعہدے اور راز داری کا حلف اٹھائیں گے۔راج بھون سری نگر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے مطابق عمر عبداللہ بدھ کے روز شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ناصر اسلم وانی منگل کو اس ضمن میں کی گئی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایس کے آئی سی سی پہنچے۔اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا: ’کافی لوگ اس تقریب میں شرکت کرنا چاہتے ہیں ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہاں سیٹنگ گنجائش کتنی ہے وہی ایک بند وبست ہے باقی کچھ خاص نہیں ہے‘۔
تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ’شام تک معلوم ہوگا کہ اس تقریب میں کون شرکت کر رہے ہیں‘۔مسٹر اسلم نے کہا: ’کافی لوگ آنا چاہتے ہیں ہم دیکھ لیں گے کہ یہاں کتنی گنجائش ہے‘۔انہوں نے کہا: ’انڈیا الائنس کے بھی کچھ لیڈر اس تقریب میں شرکت کریں گے‘۔راہل گاندھی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ’شام تک مہمانوں کی فہرست کا پتہ چل جائے گا اتنی جلدی یہ طے نہیں پاتا ہے‘۔
یو این آئی ایم افضل