سری نگرنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملواڑون کشتواڑ اور گریز میں میں آگ کی بھیانک واردات میں درجنوں رہائشی مکانوں و دیگر تعمیری ڈھانچوں اور مسجد کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے اور رنج و الم کا اظہا رکرتے ہوئے متاثرین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ انہوں ضلع انتظامیہ پر زور دیاکہ آتشزدگان کی فوری بازآبادکاری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تباہ کن آتشزدگی کے واقعہ میں املاک کے نقصان سے بہت دکھ ہوا ہے اور تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ میری ہمدردی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ مناسب امداد اور معاوضے کے ساتھ متاثرین تک پہنچیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ علاقہ میں فائر سروس سہولیات میسر نہیں اور کہا کہ ایسے دور دراز علاقوں میں فائر سروس، مواصلاتی نظام اور دیگر ضروریات خدمات کی دستیابی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔
پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی آگ کی واردات پر زبردست دکھ کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کی تاکیدکی ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ