اونتی پورہ میں چار ملی ٹینٹ اعانت کار گرفتار :پولیس

سری نگرجموں وکشمیر پولیس نے اونتی پورہ ترال میں جیش سے وابستہ چار ملی ٹینٹ معاونین کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اونتی پورہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے ترال میں چار ملی ٹینٹ معاونین جن کی شناخت مدثر احمد نائیک ولد فاروق احمد نائیک ساکن ترال پائین، عمر نذیر شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن کچہ مولہ ، عنایت فردوس راتھر ولد فردوس احمد ساکن ترال پائین اور سلمان نذیر لون ولد نذیر احمد لون ساکن کونثر بل ترال کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

موصوف ترجمان کے مطابق مذکورہ ملی ٹینٹ معاونین سرگرم ملی ٹینٹوں کی مدد و اعانت کے ساتھ ساتھ اسلحہ وگولہ بارود کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے کام پر مامور تھے۔

دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں