ٹنگمرگ میں آگ کی ہولناک واردات میں کمسن بھائی بہن جاں بحق

سری نگرشمالی ضلع بارہ مولہ کے فیروز پورہ ٹنگمرگ علاقے میں جمعرات کو آگ کی ایک ہولناک واردات میں کمسن بھائی بہن جھلس جانے سے جاں بحق ہوئے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق فیروز پورہ ٹنگمرگ میں جمعرات کو رہائشی شیڈ سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں شیڈ پوری طرح سے خاکستر ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ محمد اشرف ڈار کے رہائشی شیڈ سے آگ نمودار ہوتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور ان کے پیروں تلے اس وقت زمین کھسک گئی جب انہوں نے کمسن بھائی بہن کی جھلسی لاشیں برآمد کیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق بچوں کی والدہ سبزی لانے کی خاطر بازار گئی ہوئی تھیں جب وہ واپس لوٹ آئی تو شیڈ مکمل طورپر خاکستر ہوا تھا۔

دریں اثنا پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد انہیں لواحقین کے سپرد کیا۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں