سری نگرمیرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے پاندریٹھن سرینگر میں ایک المناک سانحہ میں بارہمولہ اوڑی سے تعلق رکھنے والا پانچ اہل خانہ پر مشتمل ایک ہی کنبے کا دم گھٹنے سے لقمہ اجل بن جانے پر سخت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ نے اس سانحہ کو انتہائی دلدوز اور جگر سوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے کنبے کا اس طرح لقمہ اجل بن جانا ایک بڑا انسانی المیہ ہے۔میرواعظ نے سانحہ پر مرحومین کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
میرواعظ نے کہا کہ موسم سرما میں اس طرح کے افسوسناک واقعہ کا رونما ہونا کشمیر میں جیسے ایک معمول بن چکا ہے جو حد درجہ تشویشناک ہے۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ شدید موسم سرما میں گیس ہیٹر اور اس طرح کے دیگر آلات وغیرہ کا استعمال کرتے وقت تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئے۔ نیز ان برفباری کے ان ایام میں سڑکوں اور راستوںمیں چلتے وقت بھی ہر ممکن طور پر احتیاط برتنی چاہئے تاکہ ناگہانی حادثات اور آفات سے بچا جاسکے۔
اس دوران میرواعظ نے کشتواڑ میں ایک المناک سڑک حادثے کے دوران کئی قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے دکھی جذبات اس سانحہ میں جاںبحق ہوئے افراد کے ساتھ ہیں اور سوگواروں کے ساتھ دلی تعزیت پیش کیا۔
میرواعظ نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کیلئے جنت الفردوس اور مشکل کے ان لمحات میں متاثرین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی۔
یو این آئی، ارشید بٹ