سری نگر، پی ڈی پی صدر اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے منگل کے روز پی ڈی پی کے بانی اور اپنے والد مفتی محمد سعید کو ان کی نویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا: ‘مفتی صاحب میرے صرف والد ہی نہیں بلکہ آپ میرے رہبر بھی تھے’۔
بتادیں کہ سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کے بانی مفتی محمد سعید نے 7 جنوری 2016 کو انتقال کیا۔محبوبہ مفتی نے نویں برسی پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ آپ کے بغیر ہر روز ایسا لگتا ہے جیسے میرے دل کا ایک ٹکڑا غائب ہے، آپ میرے صرف والد ہی نہیں بلکہ آپ میرے رہبر تھے جنہوں نے مجھے زندگی میں در پیش مشکلات کا وقار کے ساتھ مقابلہ کرنے کا ہنر سکھایا’۔انہوں نے کہا: ‘ایک متحد اور پرامن جموں و کشمیر کے لیے مفتی صاحب کا وژن صرف سیاسی بیان بازی نہیں تھا یہ آپ کا خواب تھا، آپ کا جنون تھا میں آپ کی ہنسی، آپ کی حکمت، آپ کی موجودگی کے لئے غمگین ہوں’۔
ان کا پوسٹ میں سوالیہ انداز میں کہنا تھا: ‘کیا ہر کوئی اپنے والد کو اسی طرح یاد کرتا ہے جس طرح میں اپنے والد کو کرتی ہوں آپ کی محبت، آپ کی میراث میرے تانے بانے میں بنے ہوئے ہیں کہ میں کون ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘میں آپ کے ساتھ صرف ایک لمحے، ایک اور گفتگو، ایک اور بحث اور آپ کے ساتھ باغ میں ایک آخری چہل قدمی کی آرزو رکھتی ہوں’۔
مفتی محمد سعید کا جنم 12جنوری 1936کو ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں پیدا ہوا تھا۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لے کر کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کی تھیں۔
یو این آئی ایم افضل