فوجی کیمپ پر گرینیڈ حملے کا معاملہ: سابق ملی ٹینٹ سمیت تین افراد اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار : پولیس

سری نگرشمالی ضلع بارہ مولہ میں فوجی کیمپ پر گرینیڈ حملے میں ملوث تین مشتبہ افراد کو پولیس نے حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ 7جنوری کی شام کو ہامرے پٹن علاقے میں 163ٹریٹوریل آرمی کیمپ پر گرینیڈ داغا گیا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا تاہم اس حملے میں کسی کو چوٹ وغیرہ نہیں آئی۔

پولیس نے معاملے کی نسبت پولیس اسٹیشن پٹن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ایس پی فیروز یہیا نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے بعد جائے وقوع پر اہم ثبوت و شواہد اکھٹا کئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکنکل اور ہیومن انٹیلی جنس کو بروئے کا لاکر پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے اندراندر تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔

ایس پی نے دعویٰ کیاکہ گرفتار شدگان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینیڈ ، ایک اے کے رائفل، ایک پستول، 256گولیوں کے راونڈ اور 21پستول راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ گرفتار شدگان میں ایک سابق ملی ٹینٹ اور دوسرا سرینڈر ملی ٹینٹ کا بیٹا ہے جبکہ تیسرا مشتبہ شخص گزشتہ دو برسوں سے نارکو ملی ٹینسی کیس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلوب تھا۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں