سری نگر، صوبائی کمشنر کشمیر وی کے بدھوری کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں مثبت تبدیلی امن و امان میں بہتری اور اس میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والے حالیہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں لوگوں کی بڑھ چڑھ کر شرکت کی دنیا بھر میں سراہنا کی گئی۔
موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں قومی ووٹر ڈے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والے حالیہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کی دنیا بھر میں سراہنا کی گئی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بھی اس کو سراہا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘تمام الیکشن مشنری اور سیاسی جماعتیں بھی اس کے لئے مبارکبادی کی حقدار ہیں کیونکہ کہیں بھی دوبارہ پولنگ نہیں ہوئی’۔
کشمیر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسٹر بدھوری نے کہا کہ کنکٹوٹی ہمارا ایک اہم سیکٹر ہے۔
انہوں نے کہا: ‘کچھ برس پہلے چلہ کلان کے دوران سونہ مرگ میں ہوٹل وغیرہ کے چلنے کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا لیکن آج امن و قانون کی صورتحال تبدیل ہوئی ہے اور لوگوں کا بھی اس میں بڑا رول ہے’۔
انہوں نے ترقی کے لئے قیام امن کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے ریل رابطوں سے جموں وکشمیر میں ترقی کی نئی راہیں کھل جائیں گی۔
چنار کے درختوں کی جیو ٹیگنگ پر بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ یہ کشمیر کے ورثے کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ خطے کی بھرپور ماحولیاتی اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کے اقدام میں مزید درختوں کو شامل کیا جائے گا۔
مسٹر بدھوری نے معراج النبی (ص) اور یوم جمہوریہ پر لوگوں کو پیشگی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے لوگوں کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بغیر کسی خدشات کے شرکت کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا: وہاں کوئی پابندیاں نہیں ہوں گی لوگ وقت پر تشریف لا کر ان میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں’۔
صوبائی کمشنر نے ترقی کو فروغ دینے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
یو این آئی- ایم افضل