سری نگرحریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق نے بدھ کو نئی دہلی میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمان آغا روح اللہ مہدی سے ملاقات کی۔
معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران وقف ترمیمی بل اور دوسرے اہم معاملات پر گفت وشنید ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سری نگر ، بڈگام اور گاندربل کے ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے بدھ کے روز نئی دہلی میں حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کے ساتھ ملاقات کی۔
میر واعظ مولوی عمر فاروق جو کہ اس وقت نئی دہلی میں قیام پذیر ہے نے 24جنوری کوجوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی کے چیرمین کے ساتھ ملاقات کی جس دوران متحدہ مجلس علماءکے سربراہ نے وقف ترمیمی بل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ آغا روح اللہ مہدی 31جنوری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی پہنچے ہین۔
دریں اثنا میر واعظ نے یو این آئی کو بتایا کہ ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ کے ساتھ بدھ کے روز ملاقات کی۔
میر واعظ اعتدال پسند موقف کے لئے جانے جاتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر مسلسل پر امن بات چیت کی وکالت کر رہے ہیں وہی این سی لیڈر آغا روح اللہ مہدی نے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے مرکزی حکومت کے تئیں سخت موقف اختیار کیا ہوا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق میر واعظ اور آغا روح اللہ کے درمیان ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے اور دفعہ 370کی منسوخی کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے جب علیحدگی پسند لیڈر میر واعظ گزشتہ کئی دنوں سے نئی دہلی میں سرگرم ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرواعظ مولوی عمر فاروق کا نئی دہلی میں قیام کرنا اس بات کی اور اشارہ کررہا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران کوئی بڑی پیش رفتہ ہو سکتی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال 2019کے بعد سے جموں وکشمیر میں علیحدگی پسند لیڈر شپ کے خلاف مرکزی وزات داخلہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا جس دوران حریت کی کئی اکائیوں کو کالعدم قرار دے کرمتعدد لیڈران کو حراست میں لیا گیا تاہم اعتدال پسند لیڈر میر واعظ مولو ی عمر فاروق کو گھر میں ہی نظر بند رکھا گیا۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بعد عمر عبداللہ کی سربراہی میں حکومت تشکیل پانے کے بعد میر واعظ مولوی عمر فاروق کی سیاسی سرگرمیاں بھی شروع ہوئی خاص کر میر واعظ کا نئی دہلی میں قیام کرنے کے بعد بہت ساری افواہیں گشت کر رہی ہیں۔
یو این آئی، ارشید بٹ