محبوس ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کل سے بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے: عوامی اتحاد پارٹی

سری نگر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید جو کہ دہلی کے کورٹ بلوال جیل میں مقید ہے نے فیصلہ لیا ہے کہ وہ کل یعنی جمعے سے بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔

عوامی اتحاد پارٹی نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انجینئر رشید کے ساتھ یکجہتی کے طورپر سری نگر ، جموں اور جنتر منتر دہلی پر بھی لیڈران اور کارکنان بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔

ان باتوں کا اظہار پارٹی کے سینئر لیڈران نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

عوامی اتحاد پارٹی کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ شاہین نے کہاکہ پارٹی کے سربراہ ممبر پارلیمنٹ بارہ مولہ انجینئر رشید کو آج تک پارلیمنٹ کی کارروائی کے دوران شرکت کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ انجینئر رشید دہشت گرد ہے اور نہ ہی اس نے کوئی غیر قانونی کام کیا لیکن اس کے باوجود بھی انہیں جیل میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیاسی سطح پر حکومت ہند کی ذمہ داری ہے کہ وہ انجینئر رشید کو پارلیمنٹ کی کارروائی میں شرکت کرنے کی اجازت دے تاکہ وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں ایوان کو آگاہ کریں ۔

ان کے مطابق بجٹ سیشن 31جنوری سے شروع ہو رہا ہے اور یہ غیر معمولی اجلاس ایک ماہ تک جاری رہے گا اس لئے انجینئر رشید کی شرکت ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ انجینئر رشید کو اس کی اجازت نہیں دی گئی لہذا وہ کل یعنی 31جنوری کو تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔

ایڈوکیٹ شاہین کے مطابق عوامی اتحاد پارٹی کور گروپ کی سری نگر میں میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران فیصلہ لیا گیا کہ انجینئر رشید کے ساتھ اظہار یکجہتی کی خاطر سری نگر کی پرتاپ پارک میں کل کارکنان اور عہدیدار بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جموں میں اشتیاق قادری اور دہلی جنتر منتر پر ترجمان اعلیٰ انعام الحق بھوک ہڑتال کریں گے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں