سری نگر، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا سال 2025 – 26 کا عام بجٹ بظاہر ایک متوازن بجٹ لگتا ہے۔
بتادیں کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتے کے روز پارلیمنٹ میں سال 2025 – 26 کاعام بجٹ پیش کیا۔
تنویر صادق نے اس کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہاں میڈیا کو بتایا: ‘اس بجٹ میں کئی مثبت ہیں بادی النظر میں یہ ایک متوازن بجٹ لگتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر کے لوگ یہ توقع کرتے ہیں کہ جو 50 نئے سیاحتی مقامات کا ذکر ہوا ہے اور جو طبی سیاحت کا ذکر ہوا ہے جموں و کشمیر اس کا ایک حصہ ہو کیونکہ جموں وکشمیر سیاحت کا ایک مرکز ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘امید کرتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے لئے ایک خصوصی پیکیج ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ اس بجٹ پر تمام تفصیلات آنے کے بعد ہی تفصیلی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
ریاستی بجٹ کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں مسٹر صادق نے کہا: ‘برسوں کے بعد یہاں ایک چنندہ سرکار ہے، مرکزی سرکار سے امید ہے کہ وہ ایک اچھا پیکیج دے گی تاکہ یہاں روز گار، شعبہ تعلیم، شعبہ سیاحت، تجارت وغیرہ کے لئے کام کیا جا سکے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری سالانہ بجٹ پر میٹنگ ہو رہی ہے جس میں تمام شعبوں پر بات کی جائے گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے بات ہوئی ہے، جو ہم بجٹ پیش کریں گے وہ ایک عوام دوست بجٹ ہوگا’۔
کمرشل واٹر میٹر لگانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رکن اسمبلی نے کہا کہ پانی پر کوئی بھی فیس نہیں لیا جائے گا۔
یو این آئی – ایم افضل