اننت ناگ میں ایک غیر مقامی سمیت 2 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس

سری نگر، منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن مٹن کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ ہلال احمد وانی ولد فاروق احمد وانی ساکن کرالہ گنڈ براہ مٹن منشیات کے مواد کی اسملگنگ کرتا ہے اور اس نے اپنے رہائشی مکان میں منشیات کی بھاری مقدار چھپا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع کے مطابق اس ضمن میں پولیس اسٹیشن مٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا: ‘اننت ناگ پولیس اور متعلقہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی ٹیم تشکیل دی گئی اور مذکورہ مکان کی تلاشی لی گئی’۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران مکان سے قریب 4 کلو چرس پائوڈر بر آمد کی گئی جس کے بعد مالک مکان کو گرفتاری اور چرس کی ضبطی عمل میں لائی گئی۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک اور کارروائی کے دوران پولیس پوسٹ سنگم نے تولہ کھن کراسنگ کے نزدیک ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 14 گرام برائون شوگر بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار شدہ کی شناخت صابر احمد شیخ ولد رونی شیخ ساکن دلی کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اننت ناگ پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں