جموں، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور انچارج جموں وکشمیر ترون چگ کا کہنا ہے کہ انڈیا الائنس کو ملک کے عوام نے زور دار جھٹکا دیا ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا: ‘یہ الائنس اپنے برشٹاچار، دھوکہ دہی اور اپنے خاندان کے افراد کو اقتدار میں لانے کے لئے بنا تھا’۔
عام آدمی پارٹی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس پارٹی کا کنبہ بھی بکھر گیا ہے اور پنجاب میں بھی اس کی الٹی گنتی شروع ہوئی ہے۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘انڈیا الائنس نے گذشتہ سات دہائیوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑے، یہ الائنس اپنے برشٹاچار، دھوکہ دہی اور اپنے بچوں کو اقتدار میں لانے کے لئے بنا تھا’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس کی کوئی آئیڈیالوجی نہیں ہے اور نہ ہی ملک ان کے لئے اہم ہے بلکہ ان کے لئے یہ اہم ہے کہ اپنے بچوں کو کس طرح اقتدار میں لایا جائے، ملک کے لوگوں نے اس کو جھٹکا دیا ہے’۔
مسٹر چگ نے کہا کہ مہارشٹرہ، ہریانہ اور جموں و کشمیر میں بی جے پی کو ایک لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ووٹ دے کر لوگوں نے اس الائنس کو رد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دلی کے اندر بھی لوگوں نے اس الائنس کو رد کیا ہے اور الائنس کے ارکین کو یہ سمجھ آیا ہے کہ کانگریس الائنس کے لیڈروں کو ہی ختم کر رہی ہے۔عام آدمی پارٹی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘عام آدمی پارٹی کا کنبہ بکھر گیا ہے کیونکہ اس پارٹی کے لیڈروں نے کیجروال کا ساتھ دینا چھوڑ دیا ہے’۔مسٹر چگ نے کہا کہ دلی کو عام آدمی پارٹی سے چھٹکارا ملا ہے اور مجھے یقین ہے کہ پنجاب کو بھی اس سے جلد ہی نجات ملے گی۔انہوں نے کہا: ‘پنجاب میں بھی عام آدمی پارٹی کی الٹی گنتی شروع ہوئی ہے جو اب رکنے والی نہیں ہے’۔
التجا مفتی کے دو پی ایس اوز کی معطلی کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘مجھے اس واقعے کی جانکاری نہیں ہے تاہم کسی لیڈرکے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہئے اور قصور وار کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے’۔ریاستی درجے کی بحالی کے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں جنرل سکریٹری کا کہنا تھا: ‘جب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے اس کی بحالی کا وعدہ کیا ہے تو وہ ضرور پورا ہوگا’۔انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کو اس پر سیاست کرنے کے بجائے وہ وعدے پورے کرنے چاہئے جو انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے وعدہ بند ہے۔
یو این آئی ایم افضل