کشمیر میں 9 مارچ کی شام تک موسم خشک رہنے کا امکان

سری نگر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 4 دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 9 مارچ کی شام تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 10 اور 11 مارچ کو موسم ایک بار پھر خراب ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ 12 مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 اور 14 مارچ کو برف و باراں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 9 مارچ تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

محکمے نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔

ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

دریں اثنا وادی میں بدھ کو صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو صحنوں، پارکوں اور دکان تھڑوں پر بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں