کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار، 9 مارچ سے تبدیلی متوقع

سری نگر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار ہے جس سے لوگ محظوظ ہو رہے ہیں۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 9 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وادی میں 10 اور 11 مارچ کو پہاڑی علاقوں میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ 12 مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہ سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 13 اور 14 مارچ کو بھی وادی میں برف و باراں کی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق وادی میں سب سے زیادہ سرد مقام گلمرگ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جموں صوبے میں سب سے زیادہ سرد مقام بھدرواہ رہا جہاں شبانہ درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے دونوں صوبوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔

ادھر وادی میں جمعرات کو بھی صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے صحنوں، پارکوں اور دکان تھڑوں پر بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا ہے کہ وہ 9 مارچ تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

یو این آئی ۔ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں