جموں، بی جے پی کے سینئرلیڈر اور اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی کو یہ جاننا اور سمجھنا چاہیے کہ وہ لوگوں کی بنیادی سہولیات کو حل کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جانتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو کب بحال کرنا ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ‘جو یہاں چن کے آئے ہیں ہمیں سمجھنا چاہئے کہ ہم کس لئے چنے گئے ہیں ہم لوگوں کے کام جیسے سڑک بنانے، نل لگانے کے لئے چنے گئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا، ‘بدقسمتی کی بات ہے کہ یہاں نیشنل کانفرنس کے لیڈروں کو پاکستان یاد آتا ہے اس کے لیڈر پاکستان کی باتیں کرتے ہیں’۔
مسٹر شرما نے کہا، ‘پاکستان نیشنل کانفرنس کے ڈی این اے میں ہے’۔
انہوں نے کہا، ‘اخوان نیشنل کانفرنس کی پیدا وار ہے اور سال 2002 کے چنائو میں اخوان کا تمام کیڈر نیشنل کانفرنس کے حق میں لڑ رہا تھا’۔
محبوبہ مفتی کی طرف سے شراب پر حمایت کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘پی ڈی پی کا اپنا ایجنڈا ہے اور ہمارا اپنا ایجنڈا ہے، ہم جب اپنا بل پیش کریں گے تو اس کی حمایت کریں گے’۔
انہوں نے کہا، ‘ہم اپنے بل کو سپورٹ کریں گے ہمیں پی ڈی پی کے بل کی حمایت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے’۔
یو این آئی ۔ایم افضل