برزہامہ ہسپتال متبادلہ جگہ پر تعمیر کیا جائے گا: وزیر صحت

جموں، وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے جمعرات کے روز کہا کہ برزہامہ ہسپتال کو متبادل جگہ پر تعمیر کیا جائے گا اور اِس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مناسب فنڈنگ کا بندوبست کیا جائے گا۔

وزیر موصوفہ قانون ساز اسمبلی میں سلمان ساگر کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھی۔

اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ برزہامہ ہسپتال کی عمارت کا تعمیراتی کام آرکیالوجیکل سروے آف اِنڈیا (اے ایس آئی) اور مرکزی وزارتِ ثقافت کے اعتراضات کی وجہ سے روک دیا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا، ”سال 2013-14 ءمیں رِیاستی سیکٹر کے کیپکس بجٹ کے تحت برزہامہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کی تعمیر کا کام جے کے پی ایچ سی کے ذریعے 179 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے شروع کیا گیا تھا جس میں سے 17 لاکھ روپے جاری کئے گئے ۔ تاہم، تعمیراتی جگہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی حدود میں آنے کی وجہ سے کام آگے نہیں بڑھ سکا اور منصوبہ اِلتوا کا شکار ہوگیا۔“

وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ کمیٹی برزہامہ نے ہیلتھ سینٹر کی تعمیر کے لئے متبادل مقام پر اوقاف کی زمین فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن ابھی تک ریونیو اتھارٹی ( ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر) نے یہ زمین محکمہ صحت کو منتقل نہیں کی ہے۔

اُنہوں نے کہا،”محکمہ صحت اس اہم منصوبے کی متبادل جگہ پر تعمیر کے اِمکانات کا جائزہ لے گا اور بروقت تکمیل کے لئے مناسب فنڈنگ کا انتظام کرے گا۔“

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں