عوامی سہولیت کے لئے آن لائن ریونیو پورٹل تیار کیا گیا ہے: سکینہ ایتو

جموں، وزیر برائے صحت و طبی تعلیم و سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے آج کہا کہ حکومت نے عوام کی آسانی کے لئے مختلف ریونیو خدمات کو آن لائن دستیاب کرنے کے لئے ایک پورٹل تیار کیا ہے۔ وزیرموصوفہ ایوان میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے سریندر کمار کے سوال کا جواب دے رہی تھی۔

اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ ریونیو نے سی ایل یو(تبدیلیِ اراضی استعمال) کی درخواست کے لئے ایک آن لائن پورٹل ’jkrevenue.nic.in‘تیار کیا ہے تاکہ درخواست دہندگان کی آسانی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس پورٹل کے ذریعے درخواست دہندہ کو اس طرح کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کسی بھی سرکاری دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر موصوفہ نے دفعہ 133 اے، شق 2 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بشرطیکہ کسی بھی زرعی اراضی کا مالک متعلقہ تحصیلدار کو مطلع کرنے پر رہائشی مکان تعمیر کر سکتا ہے یا زرعی عمارت، اناج ذخیرہ کرنے کی جگہ، زرعی پیداوارکی بنیادی پروسسنگ کے لئے سہولیت ، کنویں ، تالاب یا دیگر بہتری کے کام کرسکتا ہے ۔تاہم، ایسی تعمیرات یا بہتری کے لئے پلاٹ کا رقبہ کل 400 مربع میٹر سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر نے ایوان کو یہ بھی یقین دِلایا کہ اگر عوام کو اس پورٹل یا سروس سے متعلق کسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہو تو ان کا بروقت اَزالہ کیا جائے گا۔

(یو این آئی)، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں