جموں، 7 بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے جموں وکشمیر اسمبلی اسپیکر عبدالرحیم راتھر کو ہاؤس میں کچھ ارکان اسمبلی کی طرف سے ’پاکستان‘ کو گلوریفائی کرنے کے بارے میں ایک خط لکھا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں ایوان میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے کی وکالت کرنے، پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر اور جموں وکشمیر میں ترقیاتی حالات کا موازنہ کرنے اور پاکستان کو ‘گلوریفائی’ کرنے سے متعلق کچھ اراکین کے ریمارکس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
موصوف لیڈر نے جمعہ کے روز میڈیا کو بتایا: ‘گذشتہ دو تین دنوں سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ کچھ ارکان اسمبلی “پاکستان” کا ذکر کرکے ایوان کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘پاکستان وہ ملک ہے جو ہمارا دشمن ہے اور وہاں سے دہشت گردی چلاتا ہے جس سے ہمارے جوان شہید ہوئے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہاں کے ارکان اسمبلی پاکستان زیر قبضہ جموں و کشمیر کے انفراسٹرکچر سے اپنے انفراسٹرکچر کا موازنہ کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت کرتے ہیں’۔
سنیل شرما نے سپیکر سے اپیل کی کہ وہ ایسے ارکان کو وقت نہ دیں جو پاکستان کی بات کرتے ہیں۔
یو این آئی ایم افضل