پونچھ ۔ ٹنگمرگ روڈ پروجیکٹ کو نئے سرے سے شروع کیا جائے گا: نائب وزیرا علیٰ

جموں، نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ پونچھ۔ ٹنگمرگ سڑک پروجیکٹ مرکزی وزارتِ برائے سڑک، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز (ایم او آر ٹی ایچ) کے ساتھ دوبارہ اُٹھایا جائے گا۔

نائب وزیر اعلیٰ اَرکان وقانون ساز فاروق احمد شاہ کے سوال اور اعجاز جان و محمد اکرم چودھری کے ضمنی سوالات کا جواب دے رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ پونچھ۔ ٹنگمرگ سڑک جو لوران کے راستے سے گزرتی ہے، کو مرکزی حکومت نے منظور نہیں کیا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ نے سڑک کے راستے میں تبدیلی کے حوالے سے ارکانِ اسمبلی کی جانب سے اُٹھائے گئے خدشات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اِس معاملے کی جانچ کی جائے گی تاکہ سڑک کی تبدیلی کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو دیکھنے کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جو متعلقہ اَفسران اور حکام کے ساتھ اس پر غورو خوض کرے گی۔

نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق یہ ایک اہم سڑک ہے جو پیر پنجال کو وادی کشمیر سے جوڑے گی اور سیاحت کو فروغ دے گی، ساتھ ہی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اِس سڑک کو دونوں خطوں کے لوگوں کے لئے ثقافتی اور سماجی لحاظ سے بھی اہمیت حاصل ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں