سری نگر، جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے پارٹی کے چھٹے یوم تاسیس پر پارٹی کے ایجنڈے اور پالیسیوں کو آگے بڑھانے میں ان کی لگن اور ثابت قدمی کے لئے پارٹی کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا، ‘ اپنی پارٹی، جس کی جڑیں سچائی اور دیانت کی سیاست سے جڑی ہیں، اپنے بنیادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی’۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک طویل پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے کہا، ‘اپنی پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر، میں اپنے ساتھیوں – پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی لگن سے پارٹی جموں و کشمیر میں مضبوط ہوتی جارہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا، ‘6 برس قبل آج ہی کے دن 8 مارچ 2020 کو اپنی پارٹی کی بنیاد عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان حقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے رکھی گئی تھی جو کہ علاقائی سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کی شمولیت سے گزشتہ ستر سالوں میں منسوخ کر دیے گئے تھے’۔
لوگوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا: ‘آج میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنی پارٹی ان کے بنیادی اور جمہوری حقوق کے تحفظ اور بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی’۔
انہوں نے کہا، ‘ہم اپنے ایجنڈے اور پالیسیوں، جن کی جڑیں سچائی اور دیانت پر ہیں، پر عمل پیرا ہونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے’۔
ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘اس اہم موقع پر میں اپنے ساتھیوں کو یاد دلاتا ہوں کہ آج ہم صرف پارٹی کا یوم تاسیس ہی نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک کا دن منا رہے ہیں جو عوام کے لیے کھڑی ہے’۔
انہوں نے کہا، ‘ ہم چھ سال کی ثابت قدمی، لگن کا نتیجہ ہے کہ ہم پہلے سے زیادہ مضبوط کھڑے ہیں’۔
یو این آئی ایم افضل